کابل ایئرپورٹ کے قریب زور دار دھماکہ ہوا ہے۔ دھماکے سے متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ ہلاکتوں کا بھی خدشہ ہے۔
افغان میڈیا کے مطابق کابل ایئر پورٹ کے مشرقی گیٹ پر دھماکہ ہوا اور بعد میں فائرنگ کی آواز بھی سنی گئی ہے۔دھماکوں میں متعدد امریکی اور افغان شہریوں سمیت امریکی فوجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
امریکی وزارت دفاع کے ترجمان جان کربی نے بھی دھماکے کی تصدیق کی ہے۔
خیال رہے کہ کابل ایئر پورٹ پر حملے کی اطلاعات موجود تھیں۔ برطانوی وزیر برائے آرمڈ فورسز جیمز ہیپی نے خدشہ ظاہر کیا تھا حملہ ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کابل ایئر پورٹ پر ہینڈلنگ سینٹر میں موجود افراد کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ وہاں سے انخلا کا عمل جلد ختم کیا جائے۔
وزیر برائے آرمڈ فورسز نے کہا کہ افغانستان میں غیر محفوظ افراد کی حفاظت یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ افغانستان سے برطانیہ کی آخری پرواز کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہہ سکتے۔
خیبر ایجنسی کے مطابق برطانیہ اب تک 12 ہزار سے زائد افراد کو افغانستان سے نکال چکا ہے۔ چند روز قبل امریکا نے بھی خبردار کیا تھا کہ کابل ایئرپورٹ پر حملے کا خدشہ ہے۔