قطری وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نےکہا ہےکہ قطر طالبان کے ساتھ مل کر جلد ازجلدکابل ائیرپورٹ کو دوبارہ کھولنےکے لیےکام کررہا ہے۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق شیخ محمد بن عبدالرحمان کا کہنا ہےکہ کابل ائیرپورٹ پر فضائی آپریشن کی بحالی کے لیے ترکی سے بھی مدد لینے پر غورکررہے ہیں۔
برطانوی وزیرخارجہ ڈومینک راب کے ہمراہ دوحہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قطری وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کابل ائیرپورٹ کو دوبارہ فعال کرنے لیے ہم بہت محنت کررہے ہیں اور امید ہےکہ ہم جلد ہی اسے چلانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
دوسری جانب افغان سول ایوی ایشن کے ایک عہدیدار نے بتایا ہےکہ کابل ائیرپورٹ سےاندرون ملک پروازیں کل (جمعہ) سے شروع کی جائیں گی جب کہ بین الاقوامی پروازیں شروع کرنےمیں وقت لگےگا۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز ہی قطرکاطیارہ تکنیکی ٹیم کولےکرکابل ائیرپورٹ پہنچا تھا تاکہ کابل ائیرپورٹ پر فضائی آپریشن کی بحالی کے لیے طالبان سے بات چیت کی جاسکے۔
فرانسیسی خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق قطر سے آنے والی ٹیم دیگر فریقین کی درخواست پر کابل ائیرپورٹ کو دوبارہ فعال کرنے کے لیے آئی ہے تاکہ کابل ائیرپورٹ پر انسانی بنیادوں پر فضائی آپریشن بحال ہوسکے اور انخلا کا آپریشن دوبارہ شروع کیا جاسکے ۔