پاک فضائیہ نے یوم ِ آزادی روایتی جوش و خروش سے منایا

پاک فضائیہ نے آج یوم ِ آزادی قوم کے شانہ بشانہ روایتی جوش و جذبہ سے منایا۔ دن کا آغاز پاک فضائیہ کی تمام مساجد میں نمازِ فجر کے بعد خصوصی دعاؤں سے ہوا جن میں ملکی سالمیت، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق اس دن کو شایانِ شان طریقے سے منانے کے لیے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی۔ ایئر وائس مارشل محمد ندیم صابر انسپکٹر جنرل پاکستان ایئر فورس نے پرچم کشائی کی۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق تقریب میں موجود تمام عملے نے پوری قوم کے ساتھ ہم آواز ہو کر قومی ترانہ گایا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی جانب سے یومِ آزادی کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔

ترجمان پاک فضائیہ نے مزید بتایا ہے کہ تقریب کا انعقاد کووڈ۔19 ایس او پیز کے مطابق کیا گیا جس میں پاک فضائیہ کے افسران، ایئر مین اور سویلینز نے شرکت کی۔ یوم آزادی کے پرمسرت موقع پر پاک فضائیہ کی ریجینل ائیر کمانڈز، تمام بیسز اور تنصیبات پر بھی تقاریب منعقد کی گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں