پاک افغان ون ڈے سیریز ملتوی، پی سی بی نے تصدیق کردی

پاکستان اور افغانستان کی کرکٹ ٹیموں کے مابین ستمبر میں شیڈول ون ڈے سیریز ملتوی کردی گئی۔

پاک افغان کے درمیان ون ڈے سیریز  شروع سے ہی  مسائل سے دوچار تھی پہلے افغانستان میں طالبان کے قبضے کے بعد سیریز کے انعقاد پر کالے بادل چھائے لیکن افغان کرکٹ بورڈ نے  ون ڈے سیریز سری لنکا میں ہونے کی یقین دہانی کروائی لیکن پھر  افغان کرکٹ بورڈ کو لاجسٹک مسائل کا سامنا تھا۔

لاجسٹک مسائل کے حل کے لیے افغانستان ٹیم کے کھلاڑیوں کے پاکستان کے ویزے بھی حاصل کر لیے گیے تھے تاکہ پاکستان سے براستہ دبئی سری لنکا کا سفر کیا جا سکے۔

اس کے بعد آج افغانستان کرکٹ بورڈ سے یہ خبریں آئیں کہ سیریز پاکستان میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کرکٹ ویب سائٹ سے گفتگو میں چیف ایگزیکٹو افغان کرکٹ بورڈ حامد شنواری نے اس بات کی تصدیق کی لیکن چند گھنٹوں کے بعد پاکستان افغانستان سیریز ملتوی کرنے کی خبر آگئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان کرکٹ بورڈ کے ارکان میں پاکستان میں سیریز کرانے کے معاملے پر اتفاق نہیں ہو سکا جس کے بعد سیریز کو اگلے برس تک ملتوی کر دیا گیا ہے ۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاک افغان سیریز کے ملتوی ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

پی سی بی نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ  پاک افغان سیریز کو افغان کرکٹ بورڈ کی درخواست  اور  پلیئرز کی ذہنی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے  ملتوی کیا گیا ہے جبکہ براڈکاسٹ سہولیات اور فلائٹ آپریشن کی بندش بھی سیریز کے التوا کا سبب بنی۔

پی سی بی کا  کہنا ہے کہ پاکستان اور افغان بورڈز  2022 میں سیریز ری شیڈول کرنے کی کوشش کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں