شیخ رشید سے فلپائنی سفیر کی ملاقات، افغانستان میں پھنسے فلپائنی شہریوں کے انخلا سے متعلق تبادلہ خیال

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے پاکستان میں فلپائن کے سفیر ڈینیئل راموس ایسپیریٹو نے ملاقات کی اور پاکستان فلپائن دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور سمیت افغانستان میں پھنسے سو سے زائد فلپائن کے شہریوں کے انخلا سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔

فلپائن کے سفیر نے کہا کہ خواہش ہے فلپائنی شہر یوں کو جلد از جلد بحفاظت افغانستان سے نکالیں۔ وزیر داخلہ نے یقین دہانی کرائی کہ فلپائنی شہریوں کو پاکستان پہنچنے میں ہر ممکن مدد دیں گے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ افغانستان میں تبدیل ہوتی صورت حال کے پیش نظر اپنی انسانی اور سفارتی ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ غیر ملکی شہریوں کو افغانستان سے بحفاظت نکلنے میں بھر پور مدد کر رہے ہیں، سفارت کاروں، صحافیوں ، بین الاقوامی تنظیموں کے عہدیداروں اور ان کے اہل خانہ کے لئے ویزا پالیسی میں نرمی کی ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ان کو پاکستان آمد پر ویزے کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ خصوصی پروازوں کی اجازت دے رہے ہیں اورسکیورٹی فراہم کررہے ہیں۔ فلپائنی سفیر نے اس حوالے سے پاکستان کے جذبہ خیر سگالی کی تعریف کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں