وزیرِ اعظم عمران خان سے وزیرِ اعظم آزاد جموں کشمیر کی ملاقات، مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال

وزیرِ اعظم عمران خان سے وزیرِ اعظم آزاد جموں کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں آزاد کشمیر کی مجموعی صورتحال اور آئندہ کیلئے تعمیر و ترقی کے لائحہ عمل پر بات چیت کی گئی۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے سردار عبدالقیوم نیازی کو وزارتِ عظمی آزاد کشمیر کے عہدے پر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ وزیرِ اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے ان پر اعتماد کرنے پر وزیرِ اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیرِ اعظم آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ ان کی حکومت کی ترجیح جہاں آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے مسائل کا حل ہے وہاں سرحد پار اپنے ان بہن بھائیوں کے مسائل کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے بھی ہر ممکنہ کوشش کرنا ہے جو بھارت کے غیر قانونی تسلط میں بے پناہ مسائل کا شکار اور صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں انکے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھاتے رہیں گے.

اپنا تبصرہ بھیجیں