اسلام آباد: وزارت خزانہ نے معاشی ترقی کے بارے میں عالمی بینک کے تخمینے کو غیر حقیقی قرار دے دیا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ عالمی بینک کا موجودہ مالی سال معاشی شرح نمو 3.4 فیصد رہنے کا تخمینہ غلط ہے، موجودہ مالی سال پاکستان کی معیشت 5 فیصد شرح سے ترقی کرے گی، جولائی میں لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں 2.3 فیصد بہتری آئی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ گنے، چاول، مکئی اور کپاس کی فصل میں بہتری کا تخمینہ ہے، زراعت، صنعت، تجارت اور دیگر شعبوں میں مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں جب کہ تعمیراتی شعبے کےلیے مراعات صنعتی ترقی کا باعث بنے گی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہےکہ سی پیک کے تحت اقدامات اور مراعاتی پیکج سے صنعتی سرگرمیاں تیز ہورہی ہیں جب کہ کورونا ویکسی نیشن کے کامیاب پروگرام سے نجی شعبہ قدرے بحال ہوچکا ہے اور معیشت کی بحالی کا عمل تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔