واشنگٹن: یوم آزادی کے موقع پر پاکستانی سفارت خانے میں پرچم کشائی کی تقریب

پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر سفارتخانہ پاکستان واشنگٹن ڈی سی میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

امریکہ میں متعین سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان نے قومی ترانے کی دھن پر پاکستان کا پرچم لہرایا۔ تقریب میں پاکستان کے صدر اور وزیراعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔

تقریب سے خطاب میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا کہ 14 اگست ہمیں ایک آزاد وطن کے لیے اپنے بانیوں کی تاریخی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں بابائے قوم حضرت قائداعظم محمد علی جناح اور شاعرِ مشرق ، ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے مقاصد سے تجدید عہد وفا کا موقع فراہم کرتا ہے۔بابائے قوم نے پاکستان کو ایک ترقی پسند ، اعتدال پسند اور جمہوری ملک بنانے کا تصور پیش کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ قائدِ اعظم کے اتحاد ، ایمان اور نظم و ضبط کے اصول ہمارے لئے مشعلِ راہ ہیں، جن پر عمل کرتے ہوئے ہمیں اپنے قومی مفادات اور مقاصد کو حاصل کرنا ہوگا۔

ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر ہمہیں اپنےکشمیری بہنوں اور بھائیوں کو نہیں بھولنا چاہیے۔معصوم کشمیری جموں و کشمیر میں بھارتی غیر قانونی قبضے کے تحت مصائب ،مسلسل تشدد ، غیر انسانی سلوک اور فوجی محاصرے سے گزر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج نے اپنے غیر انسانی مظالم اور فوجی محاصرے کو مزید تیز کر دیا ہے۔ بھارتی حکومت کی جانب سے جابرانہ اقدامات اور غیر انسانی سلوک کی وجہ سے پہلے ہی مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز صورتحال مزید بگڑ گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے ان کی جدوجہد میں پاکستان کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں