نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ : سدرن کو ناردرن پنجاب کے ہاتھوں5 وکٹوں سے شکست

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں ناردرن پنجاب نے سدرن پنجاب کو5  وکٹوں سےشکست دے دی۔

 راولپنڈی میں جاری نیشنل ٹی ٹوئنٹی کے دسویں میچ میں ناردرن نے سدرن پنجاب کو 5 وکٹوں سے ہرا کر نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں دوسری کامیابی حاصل کرلی ہے جبکہ  سدرن پنجاب کی یہ ٹورنامنٹ میں مسلسل چوتھی ناکامی ہے۔

سدرن پنجاب نے ناردرن کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کا آغاز کیا تو 2 کے مجموعی اسکور پر اس کی پہلی وکٹ اس وقت گری جب ذیشان اشرف ایک کے انفرادی اسکور پر محمد نواز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ 

ایسے میں کپتان صہیب مقصود نے تیسرے نمبر پر میدان میں اترنے والے سلمان علی آغا کے ساتھ مل کر پاور پلے کا بھرپور فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا اور 74 رنز کی شراکت قائم کی۔

صہیب مقصود نے47 گیندوں پر 8 چوکوں اور 4 چھکوں کی بدولت 75 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔یہ ان کی ٹورنامنٹ میں پہلی نصف سنچری ہے جبکہ آغاسلمان 24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

خوشدل شاہ اور اعظم خان نے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا مگر دونوں بیٹرز لمبی اننگز نہ کھیل سکے۔ خوشدل شاہ 20 اور اعظم خان 18 رنز پر آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹے۔

 اننگز کے اختتامی اوورز میں عامر یامین نے 9 گیندوں پر 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 23 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 170 کے پار پہنچا دیا اور اس طرح سدرن پنجاب نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔

ناردرن کے موسیٰ خان نے 40 رنز کے عوض 3 جبکہ محمد نواز، عماد وسیم اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں ناردرن کا آغاز بھی متاثر کن نہ تھا ۔ اس کی ابتدائی 3 وکٹیں محض 67 رنز پر گرچکی تھیں ،ناصر نواز 24، روحیل نذیر 2 اور عماد وسیم 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ایسے میں محمد نواز نے پہلے حیدر علی اور پھر شاداب خان کے ہمراہ بالترتیب 33 اور 67 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی۔محمد نواز نے 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی بدولت 56 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

حیدر علی نے 27 گیندوں پر 5 چوکوں اور ایک چھکے کی بدولت 40 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔شاداب خان نے 3 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 30 رنز بنائے۔

فاتح ٹیم نے 176 رنز کا ہدف 5 گیندیں قبل 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، 9 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کرنے اور ناقابل شکست نصف سنچری اسکور کرنے پر محمد نواز کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں