’نائن الیون حملہ‘ واقعے کے بعد بھی 3900 افراد کی موت کی وجہ کیسے بنا؟

خیال کیا جاتا ہے کہ 11 ستمبر 2001 میں نیویارک کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر ہونے والا حملہ اس خوفناک دن کے گزرجانے کے باوجود بھی 3900 ہزار افراد کی اموات کی وجہ بنا ۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی (اے ایف پی) کے مطابق 11 ستمبر 2011 میں نائن الیون حملوں کے متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی کیلئے قائم کیے جانے والے Victim Compensation Fund (وی سی ایف) نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ انہیں قیام سے اب تک معاوضوں کیلئے 67 ہزار درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔

وی سی ایف نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ان میں سے تقریباً 3900 درخواستیں ایسے افراد کے لواحقین کی جانب سے جمع کروائی گئیں ہیں جو مبینہ طور پر نائن الیون حملے کے اثرات سے وابستہ بیماریوں سے موت کے منہ میں گئے۔

فنڈ کے لیے انتظامی امور سے وابستہ عہدیدار روپا بھٹاچاریا کے مطابق، خیال کیا جاتا ہے کہ 9/11 حملوں میں ہونے والی اموات سے زیادہ تعداد ان اموات کی ہوگئی ہے جو ممکنہ طور پر واقعے کے سبب ہونے والی بیماریوں کی وجہ سے ہوئیں۔

موصول ہونے والی درخواستوں میں سے نصف نے حملوں کی وجہ سے کینسر کے مرض میں مبتلا ہونے کا دعویٰ کیا اور اس کیلئے معاوضہ طلب کیا۔

وی سی ایف کا کہنا ہے کہ اب تک 40 ہزار سے زائد افراد کو 8 اعشاریہ 95 ارب ڈالر کی ادائیگی کی جاچکی ہے۔

خیال رہے کہ 11 ستمبر 2001 کو ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر ہونے والے حملے میں 3 ہزار کے قریب افراد ہلاک ہوئے تھے۔

اب سانحہ نائن الیون کے 20 سال مکمل ہونے پر امریکی صدر جو بائیڈن نشانہ بنائے گئے 3 مقامات کا ہفتے کو دورہ کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں