ماسکو : روس نے کہا ہے کہ مغربی ممالک نے افغانستان میں غیر حقیقت پسندانہ موقف اختیار کیا اور عجلت پسندی کا مظاہرہ کیا ہے ۔
وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخا رووا نے افغانستان سے متعلق مغربی ملکوں کے موقف اور رویئے پر کڑی تنقید کی ہے، اس حوالے سے روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخا رووا نے ایک بیان جاری کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مغربی ملکوں نے لیبیا اور شام میں اپنے تجربے سے کوئی سبق حاصل نہیں کیا اور افغانستان میں غیر حقیقت پسندانہ موقف اختیار کیا اور عجلت پسندی کا مظاہرہ کیا۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ ماسکو نے مغرب کو مشرقی اقوام پر جو اپنی خاص تہذیب و تمدن کی حامل ہیں مغربی ثقافت مسلط کئے جانے کی بابت بارہا انتباہ دیا ہے ۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے اس سے قبل کابل ایئرپورٹ پر داعش دہشت گرد گروہ کے حملے کے سلسلے میں اپنے بیان میں اس دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی تھی۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ داعش کے اس حملے کا مقصد افغانستان کی صورت حال کو اور زیادہ پیچیدہ بناناہے۔ گذشتہ جمعرات کو ہونے والے اس حملے میں ایک سو ستر افراد مارے گئے ہیں جن میں تیرہ امریکی فوجی اہلکار بھی شامل ہیں۔