مصطفیٰ کمال کا 10محرم کے بعد پیپلز پارٹی کے خلاف سڑکوں پر آنے کا اعلان

کراچی: پاک سرزمین پارٹی نے 10 محرم کے بعد احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو صوبے کو سندھودیش نہیں بنانے دیں گے، 10 محرم کے بعد کراچی اور سندھ کی سڑکوں پر آ رہے ہیں، ہم سڑکوں پر اپنے فیصلے کرائیں گے، ہم آخری خون کے قطرے تک لڑائی کریں گے۔

پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی نے سندھ کو آصف زرداری کی جاگیر بنا دیا، پیپلزپارٹی نے غیر منتخب رکن کو ایڈمنسٹریٹر تعینات کر دیا، انہوں نے سیاسی کارکنوں کو وہ سیٹیں دیں جو الیکشن جیت کر ملتی ہیں، پیپلزپارٹی کے ظلم پر خاموش رہنا ساتھ دینے کے مترادف ہے۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی بلوچوں، پختونوں کو مہاجروں کیخلاف استعمال کرتی رہی، پیپلزپارٹی کا مقابلہ کسی بھی لسانی جماعت سے نہیں ہوسکتا، سندھ میں کوئی قومی جماعت آج تک نہیں ابھری، پیپلزپارٹی صوبے کو سندھودیش بناچکی، اعلان کرنا باقی ہے، سندھ میں کونسے غیر جمہوری اداروں نے انہیں کام کرنے سے روکا ہے ؟ کونسا غیر جمہوری ادارہ کہتا ہے سیاسی شخصیت کو ایڈمنسٹریٹر لگا دو، لسانیت کی بنیاد پر بات کرنیوالا پیپلزپارٹی کو فائدہ پہنچائے گا۔

چیئرمین پاک سرزمین پارٹی نے مزید کہا کہ میئر بنانا ہے تو انتخابات کرا دیں، لوگوں سے ووٹ لے لیں، میئر بنانے کے چکر میں پیپلزپارٹی کی حکومت بھی نہیں رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں