مرغی کی قیمت میں اضافہ، سندھ حکومت نے کارروائی کی ہدایت کردی

سندھ حکومت نے مرغی کے گوشت کی قیمت میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی۔

وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسز ڈاکٹر کھٹو مل جیون نے اس حوالے سے کمشنر کراچی اور ڈائریکٹر بیورو آف سپلائی اینڈ پرائسز سے رابطہ کیا ہے، انہوں نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کو مزید تیز اور سخت کیا جائے۔ ڈاکٹر کھٹومل جیون نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو بھی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری نرخ پر اشیاء خورد و نوش اور دیگر اشیاء ضرورت کی فروخت پر ہر صورت عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

واضح رہے کہ میڈیا چینلز پر نشر ہونے والی خبر کے مطابق کراچی میں فی کلو مرغی کی قیمت 450 روپے ہوگئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو کسی بھی مافیا کے ہاتھوں یرغمال نہیں بننے دیں گی۔ڈاکٹر کھٹو مل جیون کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کو کسی بھی صورت نہیں چھوڑے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں