لاہور میں نامزد صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بیٹے کی شادی میں فائرنگ، بھائی جاں بحق

لاہور: نامزد صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بیٹے کی شادی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ان کا بھائی اسد کھوکھر جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈیفنس کے علاقے میں نامزد صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بیٹے کی شادی کی تقریب جاری تھی کہ اس دوران دو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں اسد کھوکھر کا بھائی جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔

شادی کی تقریب میں دیگر مہمانوں سمیت وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، صوبائی وزرا اور اہم شخصیات شریک تھیں۔ تقریب میں مزید مہمانوں کو آمد سے روک دیا گیا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار خیریت سے ہیں اور اپنی رہائش گاہ پر موجود ہیں، حملہ آوروں نے ان کی گاڑی کے بالکل قریب آ کر فائرنگ کی، وزیراعلیٰ کے سیکیورٹی عملے نے حملہ آور کو گرفتار کرلیا، بدقسمتی سے اسد کھوکھر کے بھائی مبشر کھوکھر اس حملے کے نتیجے میں جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ایک ملزم کو گرفتار کرلیا جس کا نام ناظم ہے وہ مانا والا کا رہائشی ہے، ابتدائی تفتیش کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے میں ایک شخص زخمی بھی ہوا جس کا نام عمر مظہر ہے۔

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات اور گرفتار ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سکیورٹی کے انتظامات کے حوالے سے بھی جامع انکوائری جائے، غفلت کے مرتکب افراد کا تعین کر کے مزید کارروائی کی جائے اور گرفتار ملزم کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔

مزید برآں وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے اسد کھوکھر کے بھائی مبشر کھوکھر کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم نے ابتدائی بیان میں بتایا کہ ملک مبشر المعروف ملک گوگا میرے چچا کے قتل میں ملوث تھا، اپنے چچا کے قتل کا بدلہ لینے کے لئے ملک گوگا کو قتل کیا، میرا چچا کچھ عرصہ قبل قتل ہوا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں