لاہور: خاتون کو ہراساں کرنےپر 400افراد کیخلاف مقدمہ درج

لاہور کے اقبال پارک میں یوم آزادی کے موقع پر خاتون پر حملہ اور ہراساں کرنے پر پولیس نے 400 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

مقدمہ لاہور کے تھانہ لاری اڈہ میں درج کیا گیا جس میں دفعہ 354 اے، 382، 149 اور 147 شامل کی گئیں۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے اس سے 15ہزار روپے، موبائل فون اور زیورات بھی چھین لیے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

خاتون کی جانب سے درج کروائی گئی ایف آئی آر میں لکھا ہے کہ 14اگست کی شام ساڑھے 6بجے خاتون اپنے ساتھی کے ساتھ اقبال پارک میں مینار کے قریب یوٹیوب ویڈیو بنا رہی تھی اچانک وہاں موجود 300 سے 400 افراد کا ہجوم ہم پر چڑھ دوڑا۔

مقدمے کے متن کے مطابق اسی دوران لوگ خاتون کے ساتھ کھینچا تانی کر رہے تھے یہاں تک خاتون کے کپڑے تک پھاڑ دیے۔ کافی لوگوں نے خاتون کی مدد کی کوشش کی لیکن ہجوم بہت زیادہ تھا جبکہ کچھ لوگ خاتون کو اٹھا کر ہوا میں اچھالتے رہے۔

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر وائر ویڈیوز میں بھی ہجوم کی جانب سے خاتون پر حملہ اور ہراساں کیا گیا ہے۔ ہجوم اچانک ہی خاتون کو گھیر لیتا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں