قرعہ اندازی میں چیف جسٹس سمیت متعدد ججز و بیوروکریٹس کے پلاٹ نکل آئے

وفاقی دارالحکومت میں موجود فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) کی جانب سے کرائی گئی قرع اندازی میں چیف جسٹس آف پاکستان اور وزیر اعظم کے دو معاون خصوصی سمیت اعلیٰ ججز و بیوروکریٹس کے پلاٹ نکل آئے۔

ذرائع کے مطابق ہاؤسنگ کے وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کی سربراہی میں فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کےپلاٹوں کی قرع اندازی کرائی گئی، جس میں 4500 درخواست گزاروں کو کامیاب قرار دیا گیا۔

فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کی ویب سائٹ پر شائع کردہ کامیاب درخواستوں کی فہرست کے مطابق پلاٹ حاصل کرنے والوں میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد بھی شامل ہیں۔

فہرست کے مطابق پلاٹ حاصل کرنے والے امیدواروں میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اقتصادیات ڈاکٹر وقار مسعود خان اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اسٹیبلشمٹ ڈاکٹر شہزاد ارباب بھی شامل ہیں۔

دونوں شخصیات نے اپنی ریٹائرمنٹ سے قبل فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی میں پلاٹ کے لیے درخواستیں دی تھیں۔

پلاٹ حاصل کرنے والے دیگر خوش قسمت امیدواروں میں سپریم کورٹ سمیت ہائی کورٹس کے ججز سمیت سابق اور حالیہ بیوروکریٹس اور چند صحافی بھی شامل ہیں۔

قرع اندازی کے بعد تمام کامیاب امیدواروں کو اسلام آباد کے مختلف پرتعیش رہائشی سیکٹرز میں پلاٹ الاٹ کیے گئے ہیں۔

اعلیٰ عدلیہ کے ججز سمیت ماتحت عدالتوں کے ججز اور چند صحافیوں کو کیٹیگری ون کے تحت ایک کنال رقبے کے پلاٹ الاٹ کیے گئے ہیں۔

پلاٹ حاصل کرنے والے سابق ججز میں سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری، انور ظہیر جمالی اور ان کی اہلیہ سندھ ہائی کورٹ (ایس ایچ سی) کی سابق جج جسٹس اشرف جہاں بھی شامل ہیں۔

فہرست کے مطابق اعلیٰ عدلیہ کے 8 ججز کے پلاٹ نکلے، جن میں جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس قاضی محمد امین احمد، جسٹس مقبول باقر، جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل، جسٹس سردار طارق مسعود، جسٹس امین الدین خان، جسٹس اعجاز الحسن اور جسٹس سجاد علی شاہ شامل ہیں۔

پلاٹ حاصل کرنے والوں میں سپریم کورٹ کے 7 سابق ججز بھی شامل ہیں، جن میں جسٹس اعجاز افضل خان، منظور احمد ملک، امیر ہانی مسلم، اقبال حمید الرحمٰن، رانا محمد شمیم، شیخ نجم الحسن اور ریاض احمد خان شامل ہیں۔

پلاٹ کے کامیاب خوش نصیب امیدواروں میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے دو سابق ڈائریکٹر جنرلز (ڈی جیز) جب کہ انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام بھی شامل ہیں، جن میں سابق ڈی جی ایف اآئی غالب بندیشہ اور بشیر میمن جب کہ سابق آئی جی اسلام آباد طاہر امین اور اوریا مقبول جان بھی شامل ہیں۔

پلاٹ کےمالک بننے والے خوش نصیبوں میں 6 ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج، 9 ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جب کہ وفاقی حکومت کے گریڈ 22 اور 21 کے متعدد حالیہ اور سابقہ سیکریٹریز بھی شامل ہیں اور مجموعی طور پر وفاقی حکومت کے 4500 ملازمین کو پلاٹ الاٹ کیے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں