پنجشیر میں شدید لڑائی کے بعد فتح یابی کے دعوے پر افغان دارالحکومت میں شدید ہوائی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک اور 41 زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان کے پنجشیر میں فتح کے دعوے کے بعد کابل ہوائی فائرنگ سے گونج اٹھا اور طالبان جنگجو کافی دیر تک مسلسل ہوائی فائرنگ کر کے فتح کا جشن مناتے رہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق ہوائی فائرنگ کی وجہ سے گولیاں لگنے سے 17 افراد کی لاشیں اسپتال لائی گئیں جبکہ 41 افراد کو زخمی حالت میں لایا گیا جن کے جسموں پر گولیوں کو نشانات تھے۔ زخمیوں میں سے 9 کی حالات تشویشناک تھی۔
ہوائی فائرنگ کے باعث جانی نقصان پر طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا اور طالبان جنگجوؤں کو ہدایت کی کہ وہ فتحیابی پر اللہ کا شکر ادا کریں اور ہوائی فائرنگ سے گریز کریں۔
انہوں نے کہا کہ جو ہتھیار اور گولہ بارود آپ کے ہاتھ میں ہے اسے ضائع کرنے کا کسی کو حق نہیں۔ گولیوں سے شہریوں کو نقصان پہنچ رہا ہے اس لیے بلاضرورت گولیاں نہ چلائی جائیں۔