شیخ رشید کی یوم عاشور کے موقع پر موبائل فون سروس صرف حسب ضرورت بند کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی زیر صدارت محرم الحرام کے دوران امن و امان سے متعلق اجلاس ہوا جس میں سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ یوم عاشور کے موقع پر موبائل فون سروس کی بندش صرف حسب ضرورت کی جائے۔

اجلاس میں اسلام آباد اور چاروں صوبوں میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی امن و امان سے متعلق گفتگو کی گئی۔اجلاس کے دوران امن و امان کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے وزارت داخلہ میں خصوصی سیل قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

اجلاس میں سیکریٹری داخلہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محرم الحرام میں حساس علاقوں کی سیکیورٹی کیلئے اداروں نے خصوصی اقدامات کیے ہیں جبکہ انتظامیہ کی مدد کے لیے سول آرمڈ فورسز تعینات کی گئی ہیں۔

وزیرداخلہ شیخ رشید نے متعلقہ اداروں کومحرام الحرام میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے اور امن امان کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ خصوصی سیل عاشور کے دوران 24 گھنٹے کام کرتا رہے گا اوروفاقی حکومت صوبوں کوامن وامان کیلئے تکنیکی اور معاونت یقینی بنائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں