شہر قائد میں ابراہیم حیدری پولیس نے دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنادیا، ملزمان گرفتار

پولیس نےخفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے تحریک طالبان پاکستان کے2 دہشت گردوں کو گرفتار کرکےاسلحہ اور بارود برآمد کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق دہشت گردوں سے 1 کلو سے زائد بارودی مواد اور ڈیٹونیٹر وائرز بھی برآمد ہوئے ۔

پولیس کے مطابق گرفتار دہشت گرد افغانستان سےعسکری تربیت یافتہ ہیں اور انھوں نے افغانستان میں نیٹو فورسز پر حملوں میں ملوث ہونے کا بھی اقرار کیا ہے۔ گرفتار دہشت گرد اغواء برائے تاوان اور دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔ دہشت گردوں کی شناخت امیرزادہ عرف مخلص کے نام سے ہوئی اوراس نے ٹی ٹی پی میں 2001 میں شمولیت اختیار کی۔امیر زادہ کے ساتھیوں میں جہاد یار، امین جاناں، ملا عثمان عرف ام سلامہ،عبداللہ عرف ملا،میر رحمان عرف حاجی اور فضل رحمان عرف ابو خالد شامل تھے۔دیگرملزمان سیکورٹی فورسز کے ساتھ مختلف آپریشنز میں ہلاک ہوچکےہیں۔

گرفتار دہشت گرد تاج ولی ٹی ٹی پی کے مقامی کمانڈر قاری قیوم کے اکسانے پر سال 2009 میں تحریک طالبان پاکستان میں شامل ہوا اور مختلف اوقات میں افغانستان اور شمالی وزیرستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث رہا ہے۔

دہشت گردوں کے قبضے سے برآمد ہونےوالے بارودی مواد سے متعلق پوچھ گچھ جاری ہے۔ملزمان حال ہی میں افغانستان سے آئے تھے اور کراچی میں دہشت گردی کی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔پولیس کی جانب سے ضابطے کی کارروائی کی جارہی ہے اورمزید گرفتاریاں اور انکشافات متوقع ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں