شہباز شریف کی کوئٹہ خودکش دھماکے کی مذمت

مسلم لیگ نون کے صدر، قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف نے کوئٹہ میں آج ہونے والے خودکش دھماکے کی مذمت کی ہے۔

جاری کیئے گئے ایک بیان میں میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ امن و امان کی صورتِ حال کا خراب ہونا فکر مندی اور پریشانی کا باعث ہے۔

مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے دعا کی کہ اللّٰہ تعالیٰ واقعے کے شہداء کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائیں اور لواحقین کو صبر دیں (آمین)۔

واضح رہے کہ کوئٹہ میں آج مستونگ روڈ پر سوہنا خان ایف سی چیک پوسٹ پر خود کش دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 3 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 20 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

خود کش حملے کے تمام زخمیوں اور لاشوں کو شیخ زید اسپتال منتقل کیا گیا ہے، دھماکے کےبعد ریسکیو ٹیموں کے علاوہ سی ٹی ڈی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے تحقیقات شروع کر دیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد کے مطابق دھماکا خود کش تھا، خود کش حملہ آور کا سر اور دیگر جسمانی اعضاء قبضے میں لے لئے گئے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق خودکش حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھا، جس نے اپنی موٹر سائیکل قانون نافذ کرنے والے ادارے کی گاڑی سے ٹکرائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں