سویڈن سے پاکستانی طلباء کے لئے ایک بڑی خوشی کی خبر سامنے آئی ہے، قائد اعظم یونیورسٹی کے شعبہ کمپیوٹرسائنسزاورسویڈن کی اہم یونیورسٹی لینیوس کے ڈیپارٹمنٹ آف کمپیوٹرسائنس کے درمیان اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں تاکہ پاکستانی طلباء کمپیوٹرسائنس کے میدان میں جدید تعلیم حاصل کر سکیں۔
تفصیلات کے مطابق ایک آن لائن تقریب میں پاکستانی اور سویڈن کے تعلیمی اداروں کے درمیان ایم او یو پر قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی اورلینیس یونیورسٹی کے مسٹر جیسپراینڈرسن نے دستخط کیے۔ تقریب میں دونوں تعلیمی اداروں کے نمائندگان اور دیگر شرکاء سمیت سویڈن میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر ظہور احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سویڈش تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون سے پاکستانی طلباء کو جدید تعلیم حاصل کرنے میں مدد حاصل ہو گی۔ تقریب میں سویڈش یونیورسٹی لینیوس کے اہم نمائندگان نے تعلیمی میدان میں پاکستانی طلباء کے مثبت کردار کی بھی تعریف کی۔