سندھ حکومت صوبے میں صحت کارڈ جاری کرنے کی اجازت نہ دے کر اپنی ہٹ دھرمی دکھا رہی ہے۔ خرم شیر زمان

پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت اپنی ضد میں عوام کو صحت کارڈ سے محروم رکھنا چاہتی ہے۔

سندھ حکومت صوبے میں صحت کارڈ جاری کرنے کی اجازت نہ دے کر اپنی ہٹ دھرمی دکھا رہی ہے۔ سندھ میں صحت کا بوسیدہ نظام عوام کی جانیں نگل رہا ہے۔

پیپلز پارٹی سندھ کے عوام کا خون نچوڑنے پر ڈٹی ہوئی ہے۔ پارٹی سیکریٹریٹ انصاف ہاوس سے جاری اپنے بیان میں خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ ہیلتھ سیکٹر کی ابتر صورتحال کے پیش نظر عوام کو ہیلتھ انشورنس کی ضرورت ہے۔ پیپلز پارٹی نے سندھ کے عوام کی زندگیاں جانوروں سے بھی بدتر کردیں ہیں۔ عوام کا سرکاری ہسپتالوں پر سے اعتماد ختم ہوچکا ہے۔

سرکاری ہسپتالوں میں ادوایات کا فقدان تو کبھی عملے کی غیر حاضری معمول بن چکی ہے۔ سندھ حکومت شعبہ صحت کا بجٹ اپنی صحت پر خرچ کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی کرپشن سندھ کے ہر محکمے کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے۔ وفاق نے دیگر صوبوں کو ہیلتھ کارڈ کی سہولت میسر کی۔ وفاق دیگر صوبوں میں شہریوں کو فری ہیلتھ سروس فراہم کررہا ہے۔ زرداری ٹولہ سندھ میں ہیلتھ کارڈ کی سہولت میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت عوام کی صحت کے معاملے میں بھی سیاست کررہی ہے۔ انہیں عوام کی فلاح و بہبود سے کوئی سروکار نہیں۔سندھ کا محکمہ صحت سفید ہاتھی کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ سندھ میں تبدیلی کے ہوا چل رہی ہے جلد عوام کو زرداری مافیا سے نجات دلائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں