خلیج بنگال میں بننے والے سمندری طوفان ’گلاب‘ کا زور ٹوٹ گیا۔ ساتھ ہی ایک اور سمندری طوفان شاہین کے بننے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
سمندری طوفان گلاب بھارتی ریاستوں اڑیسہ، آندھرا پردیش اور گجرات سے ٹکرانے کے بعد عمان کی طرف مڑ گیا ہے۔ طوفان سے بھارت کے ساحلی علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہوئے۔
سمندری طوفان سے اڑیسہ، آندھرا پردیش اور گجرات کے کئی شہروں میں موسلادھار بارشیں ہوئیں۔ طوفان سے مزید دو روز تک بھارت اور پاکستان کے ساحلی علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق گلاب سے بحیرہ عرب میں ایک اور سمندری طوفان کے جنم لینے کا خدشہ ہے۔ سمندری طوفان شاہین جمعرات کو بننے کا امکان ہے۔ اس طوفان کو شاہین نام قطر کی طرف سے دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ خلیج بنگال میں بننے والے طوفان کو گلاب کانام پاکستان کی جانب سےدیا گیا تھا۔
بھارتی ماہرِ موسمیات کے مطابق خلیجِ بنگال میں بننے والا سائیکلونک طوفان اپنی نوعیت کی نایاب موسمیاتی سرگرمی تھا۔ عمومی طور پر مون سون میں بحیرہ عرب یا خلیجِ بنگال میں سائیکلون نہیں بنا کرتے۔
عام طور ستمبر میں بحیرۂ عرب اور خلیجِ بنگال میں سائیکلون نہیں بنتے بلکہ اکتوبر اور نومبر میں سائیکلون بنتے ہیں۔