حکومت نے3سال میں عوام کے لیے کچھ نہیں کیا، احسن اقبال: پوری دنیا مانتی ہے ن لیگ نے ملکی معیشت کو ڈبویا ، شہباز گل

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہےکہ ان کا پلان بہترین تھا، حکومت نے3سال میں عوام کے لیے کچھ نہیں کیا، وزیراعظم کے معاون خصوصی کہتے ہیں کہ دنیا مانتی ہے کہ آپ نااہل تھے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عوام کو مہنگائی اور بےروزگاری کے سواکیادیا گیا؟ جھوٹ بولنا حکومت کا وطیرہ ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ حکومت میں آ کر طویل المدتی منصوبے بنائے،تاثر دیا جاتا ہے کہ عمران خان سے پہلے پتھروں کا زمانہ تھا، ہم نے 1997 میں وژن 2010 بنایا تھا،2006 کے بعد ملک کو بدترین لوڈشیڈنگ کا سامنا رہا۔

احسن اقبال نے کہا کہ ماضی کی ہر کامیابی جھٹلانا ، اپنی ناکامی چھپانا اور جھوٹ بولنا اس حکومت کا وطیرہ ہے،کراچی سرکلر ریلوے منصوبے پر عمل نہ ہوسکا ۔

ن لیگی رہنما نے کہا وزیر خزانہ کہتے ہیں پلاننگ کمیشن ختم کردیا ،ہم نے 2021تک کے منصوبےبنائے،اصل میں پلاننگ کمیشن کا بیڑا آپ نے غرق کیا،تین سال سے پاکستان کا کوئی لانگ اور شارٹ ٹرم پلان نہیں،میں چیلنج کرتا ہوں ہمارا ویژن 2025بہترین پلان تھا ۔

احسن اقبال نے کہا کہ جب سی پیک کی بنیاد رکھی تو کئی لوگ ہنستے تھے،آج وزیر خزانہ نے بد ترین نا اہلی کا مظاہرہ کیا ہے، ہم نے 29 ارب کی سرمایہ کاری کر کے دکھائی ،حکومت کی 3 سال کی کارکردگی پر وائٹ پیپر جار ی کریں گے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے جواب دیا کہ نااہل لیگی درباری میں نہ مانوں کی گردان میں مصروف ہیں، پوری دنیا مانتی ہے کہ ن لیگ ملکی معیشت کو ڈبو کر گئی مگر یہ نہیں مانتے۔

شہباز گل نے کہا کہ نااہل لیگ 20 ارب ڈالر کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ چھوڑ کر گئی، ن لیگ کے دور میں برآمدات میں صفر فیصد اضافہ ہوا، تحریک انصاف نے تاریخی کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ختم کر کے اسے سرپلس کیا۔

شہباز گل نے کہا کہ کورونا کے باوجود کاروبار اور صنعتوں کو استحکام دیا، ٹیکسٹائل کی برآمدات میں ہر سال 4 ارب کا اضافہ ہو رہا ہے۔

شہبازگل نے کہا کہ 160 ارب کی ٹیکس چھوٹ دے کر کاروبار میں اضافہ ممکن بنایا، آج کے پاکستان میں ملک لوٹنے والوں کی کوئی جگہ نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں