حکومت سندھ کا کراچی میں دس ویکسی نیشن سینٹرز کو 24 گھنٹے چلانے کا فیصلہ

کراچی: حکومت سندھ کی جانب سے کورونا کیسز میں اضافہ اور مختلف سینٹرز پر عوام کے ہجوم کو مد نظر رکھتے ہوئے کراچی کے مختلف اضلاع میں 10 سینٹرز کو ہدایات جاری کی ہیں‌کہ وہ 24 گھنٹے عوام کو ویکسین لگانے کا عمل جاری رکھیں۔

تفصیلات کے مطابق محکمۂ صحت نے کراچی کے ہر ضلع میں کم سے کم ایک ویکسی نیشن سینٹر کو 24 گھنٹے چلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ محکمۂ صحت کے مطابق ضلع وسطی میں سندھ گورنمنٹ چلڈرن اسپتال اور نیو کراچی اسپتال میں 24 گھنٹے ویکس نیشن ہو گی۔

اسی طرح ضلع شرقی میں ایکسپو سینٹر اور اوجھا اسپتال میں، ضلع جنوبی میں خالق دینا ہال ، جناح اسپتال اور لیاری جنرل اسپتال میں شہریوں کو دن رات 24 گھنٹے ویکسن لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

محکمۂ صحت کے مطابق ضلع غربی میں سندھ گورنمنٹ قطر اسپتال، ضلع ملیر میں مراد میمن گوٹھ اسپتال، اسی طرح ضلع کورنگی میں سندھ گورنمنٹ کورنگی نمبر 5 اسپتال میں بھی 24 گھنٹے کورونا وائرس کی ویکسی نیشن ہو گی۔

محکمۂ صحت کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان تمام ویکسی نیشن سینٹرز کو 24 گھنٹے چلانے کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں