حکومت ادویات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے، مریم اورنگزیب

لاہور: مسلم لیگ ن نے حکومت سے ادویات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کر دیا۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے جان بچانے سمیت دیگر ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب جان بچانے والی دوائیاں مہنگی کرکے اب کہیں گے کہ جہاد کیا ہے ، عمران خان نے 12 ویں دفعہ دوائی کی قیمتوں میں اوسط 50 فیصد اضافہ کردیا ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ تین سال میں عمران خان صاحب ادویات کی قیمتوں میں 500 فیصد اضافہ کرچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کینسر سے بچاؤ کی دوائی پہلے ہی چھین لی گئی ہے اب انسولین کی قیمت میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے اور اب آٹا، چینی، بجلی، دوائی ،گیس اور پٹرول کے ستائے عوام صحت وعلاج کی بنیادی سہولت سے بھی محروم ہوچکے ہیں ، عمران خان عوام کو سستی روٹی اور نہ ہی سستی ادویات دے سکے ہیں۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ عمران خان کو عوام سے کوئی سروکار نہیں ہے وہ کمرے میں بیٹھ کر الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا معائنہ کریں۔

مسلم لیگ ن نے حکومت سے جان بچانے والی ادویات سمیت دیگر ادویات کی قیمتوں میں بھی اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کر دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں