اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مجھے شبہ ہے کہ شہباز شریف راستہ بنا رہے ہیں کہ انتخابات کے دنوں میں نواز شریف کو سیدھا جیل نہ جانا پڑے، وہ اسی حکمت عملی پر کام کررہے ہیں جو انہوں نے سعودی عرب سے نواز شریف کو لانے کے لیے اختیار کی تھی۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ )ن(اور پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کو کہنا چاہتا ہوں سیاست میں تبدیلی آ رہی ہے اور حزب اختلاف کو دیکھتے ہوئے مجھے یقین ہوگیا ہے کہ عمران خان اگلے 5 سال بھی حکومت کرے گا۔
https://twitter.com/i/broadcasts/1LyGBdqddeYxN
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نام خارج کرنے کے لیے مقررہ وقت میں درخواست ہی نہیں دی۔ شہباز شریف کوشش کر رہے ہیں کہ نواز شریف کو وطن واپسی پر جیل نہ جانا پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں لندن میں مقیم مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور بانی متحدہ قومی موومنٹ کو ملک میں واپس نہیں لا سکتا۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں مودی ملوث ہے۔ فیٹف سے پہلے کوئٹہ اور مختلف شہروں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں کشمیریوں نے اپنی جانیں قربان کر دی ہیں اور اب پاکستان کے خلاف ہائبرڈ وار شروع کر دی گئی ہے۔ خطے میں حالات تیزی سے بدلنے جا رہے ہیں اور اگلے 6 ماہ اہم ہیں۔
داسو واقعہ اور افغان سفیر کی بیٹی سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ داسو واقعے کو دفتر خارجہ ڈیل کر رہا ہے اور افغان سفیر کی بیٹی کیس پر افغان تفتیشی ٹیم پاکستان میں موجود ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کی تصدیق کے لیے کھولے گئے 680 سینٹرز میں 2 لاکھ درخواستیں آئی ہیں، ابھی ہماری اتنی گنجائش نہیں، ابھی ایک لاکھ سرٹیفکیٹس کی تصدیق کی جاسکتی ہے، کچھ روز بعد گنجائش میں اضافہ کردیا جائے گا۔