جماعت اسلامی کا آج شارع فیصل پر احتجاج کا اعلان

کراچی میں جماعت اسلامی نے آج بروز اتوار 16 جنوری کو شارع فیصل پر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

سندھ کے بلدیاتی قانون کے خلاف جماعت اسلامی کا سندھ اسمبلی کے باہر سترہویں روز سے دھرنا جاری ہے، جماعت کی جانب سے آج شارع فیصل پر مارچ کا اعلان کیا گیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ کرپشن کا پورا نظام سندھ اسمبلی سے چل رہا ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے پورے صوبے اور ہر ادارے پر قبضہ کرلیا ہے، ان کی جدوجہد وڈیرا مائنڈ سیٹ کے خلاف ہے۔

جماعت اسلامی کے امیر کراچی حافظ نعیم نے کہا کہ شہر کے تمام اضلاع سے ریلیاں آج شارع فیصل پہنچیں گی، احتجاج کے دوران شارع فیصل پر ایمبولینس کے سوا کوئی گاڑی نہیں چلے گی۔

سندھ اسمبلی کے باہر دھرنے سے خطاب میں نعیم الرحمان نے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے مل کر کراچی کو تباہ و برباد کیا ہے، پی ٹی آئی نے بھی ڈھائی سال میں کراچی کے لیے کچھ نہیں کیا، مردم شماری پر اگر ایم کیوایم کو تحفظات ہیں تو حکومت سے علیحدہ کیوں نہیں ہو جاتی

دوسری جانب بلدیاتی ترمیمی قانون کے خلاف جماعت اسلامی نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست جمع کروائی ہے جس پر عدالت نے سندھ حکومت کو نوٹس جاری کردیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں