بابر اعظم کی سنچری بھی کام نہ آئی، ناردرن نے سینٹرل پنجاب کو شکست دیدی

نیشنل ٹی 20 کپ کے 11 ویں میچ میں ناردرن نے حیدر علی کی عمدہ بلے بازی کی بدولت سینٹرل پنجاب کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سینٹرل پنجاب نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور بابراعظم کی عمدہ اننگز کی بدولت 2 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔

بابراعظم نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 63 گیندوں پر 3 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 105 رنز بنا کر ناصرف رواںٹورنامنٹ کی پہلی سنچری سکور کی بلکہ ٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے پاکستانی بلے باز بننے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔

ناردرن کی ٹیم نے مقررہ ہدف حیدر علی کی عمدہ بلے بازی کی بدولت 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ حیدر علی نے 53 گیندوں پر 6 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 91 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ محمد نواز 41، آصف علی 28 ، سرمد حمید 19 اور ناصر نواز 6 رنز بنا سکے۔

سینٹرل پنجاب کی جانب سے فاسٹ باﺅلر حسن علی، احسان عادل، وہاب ریاض اور حسین طلعت ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھانے میں کامیاب ہو سکے تاہم اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں