اے ڈی بی کی کووڈ ویکسین کے لئے 50کروڑ ڈالر کی فراہمی حکومت کی عوام کو وبا سے محفوظ رکھنے کے عزم کی عکاسی ہے،وفاقی وزیر عمر ایوب خان

اسلام آباد: وفاقی وزیر اقتصادی امور عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی ) کی طرف سے کووڈ ویکسین کے لئے 500ملین ڈالر کی فراہمی حکومت کی جانب سے عوام کو وبا سے تحفظ فراہم کرنے کے عزم کی عکاسی ہے ۔ وفاقی وزیر نے جمعہ کو یہاں ایشیاو بحرالکاہل میں ویکسین کی دستیابی کے منصوبہ کے تحت پاکستان کے لئے پانچ سو ملین ڈالر کی فنانسنگ کے معاہدہ کی تقریب میں شرکت کی۔

فنانسنگ معاہدہ پر اقتصادی امور ڈویژن کے ایڈیشنل سیکرٹری ذوالفقار حیدراور اے ڈی بی کی طرف سے قائم مقام کنٹری ڈائریکٹر کلیوکاواوا کی نے دستخط کئے۔ جمعہ کو اے ڈی بی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے قرض کی منظوری دی جس کے بعد صرف تین گھنٹے میں فاسٹ ٹریک کی بنیاد پر معاہدہ پردستخط کئے گئے ۔

عمر ایوب خان نے اے ڈی بی کی انتظامیہ اور بورڈ کی جانب سے مشکل وقت میں پاکستان کی معاونت کو سراہا ۔ کووڈ ۔19کی وجہ سے ملک کو صحت سماجی و معاشی مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ویکسین کی بروقت خریداری کے لئے پرعزم ہے تاکہ عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے اہداف کو حاصل کیا جاسکے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ کورونا وبا کے پھیلائو کو روکنے اور عوام کی مالی معاونت کے حوالہ سے وزیراعظم عمران خان کے وژن کے تحت پاکستان کے اقدامات کو عالمی برادری نے سراہا ہے۔ اقتصادی امور ڈویژن سے جاری بیان کے مطابق فنانسنگ کی اس سہولت سے ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے 500ملین ڈالر کی فراہمی سے سستے ترین نرخ پر ویکسین خریدی جاسکے گی اور اس کی واپسی پانچ سالہ رعایتی مدت سمیت 25سال میں کی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ اے ڈی بی کی معاونت سے وزارت قومی صحت کی استعداد کار اور کووڈ ۔19کی ویکسین کی مہم میں بہتری لائی جاسکے گی۔ دونوں شعبوں میں پراجیکٹ مینجمنٹ ، سپلائی چین ، خریداری ، صنفی مساوات ، کارکردگی کے فروغ اور ہسپتالوں کے فضلہ کو ٹھکانے لگانے سمیت مختلف شعبوں میں استعداد میں اضافہ کیا جاسکے گا۔ قبل ازیں بورڈ کے اجلاس میں اے ڈی بی کے صدر نے کہا کہ ویکسین کی دستیابی سے وبا پر قابو پانے میں مدد ملے گی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں