ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کی منوڑا کے ساحل پر ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے بعد گفتگو

ایڈمنسٹریٹر کراچی ، سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ میری جنگ اختیارات کی نہیں شہر کی بحالی کے لئے ہے، ماضی کی بات نہیں کروں گا صرف مستقبل کا سوچ رہا ہوں مثبت چیزوں کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، انشاء اللہ بنیادی تبدیلی جلد آئے گی، منوڑا کے ساحل پر سندھ حکومت شہریوں کے لئے ایک زبردست تفریحی مقام بنا رہی ہے جس پر اگلے چھ ماہ میں کام مکمّل کر لیں گے، یہ بات انہوں نے اتوار کے روز منوڑا، سینڈزپٹ، گلبائی،وائی جنکشن اور ضلع کیماڑی کے دیگر علاقوں کے دورے کے موقع پر کہی، وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی آصف جان اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے.

سینڈزپٹ روڈ کے دورے پر ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ روڈ پہلے تباہ حال تھا سندھ حکومت نے اسے ساحل سمندر پر آنے والے شہریوں کی سہولت کے لئے تعمیر کیا ہے جس کی تعمیر کے بعد ٹاور سے سینڈزپٹ آنے کے لئے بیس منٹ لگتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں رات کے وقت سفر میں اب کوئی مسئلہ نہیں، لوٹ مار کا سلسلہ جو چھ سال پہلے تھا آج اس میں کافی حد تک کمی آئی ہے، اسٹریٹ کرائمز کو ختم کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ سندھ نے احکامات جاری کئے ہیں، انہوں نے کہا کہ ماڑی پور روڈ کا تعمیراتی کام بھی 90 فیصد مکمل کرلیا گیا ہے جس سے شہریوں کو مزید سہولت ملے گی.
انہوں نے کہا کہ شہر میں بہتری کے کاموں کے لئے سرکاری اداروں کے ساتھ شہریوں کی مدد بھی ضروری ہے،وزیر بلدیات میرے بڑے بھائی ہیں ہم مل کر عوام کے لئے کام کرتے ہیں جب محکمہ ماحولیات اور ترجمانی نہیں تھی اس وقت بھی شہر کی بہتری کے لئے کام کیا ہے، سیاسی جماعتوں کی بھی مدد چاہئے آیئے مل کر کام کریں تاکہ شہریوں کی خدمت کرسکیں، قبل ازیں ترجمان سٹی حکومت و ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع کیماڑی کے دورے میں گلبائی، وائی جنکشن کے مقام پر جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اس موقع پر کے ڈی اے حکام نے وائی جنکشن کے مقام پر پائی لائن بچھانے اور دیگر ترقیاتی کاموں کے متعلق بریفنگ دی، منوڑا کے دورے کے موقع پر بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ منوڑہ میں تفریحی جگہ کسی اونچی چٹان پر ہوگی جہاں چھوٹے ریسٹورنٹس بھی بنائے جائینگے تاکہ شہری کھانوں سے لطف اندوز ہوسکیں،اس کے علاوہ یہاں سے شہری ساحل پر بھی جاسکیں گے جبکہ خصوصی افراد کے لئے ریمپ سمیت دیگر سہولتیں بھی دستیاب ہونگی، انہوں نے کہا ہماری کوشش ہے کہ کراچی کے شہریوں کو اچھا اور صحت افزاء ماحول فراہم کیا جائے اور یہ تفریحی سہولت بھی اسی لئے فراہم کی جا رہی ہے جس سے شہریوں کو ساحل سمندر پر معیاری تفریح حاصل ہو گی،

اپنا تبصرہ بھیجیں