انگلینڈ نے بھی پاکستان کا دورہ منسوخ کردیا

لاہور: کرکٹ کے میدان سے ایک اور بری خبر ہے ۔ نیوزی لینڈ کے بعد انگلینڈ نے بھی دورہ پاکستان منسوخ کردیا ہے۔ نیوزی لینڈ کے پاکستان کا دورہ ادھورا چھوڑنے پر انگلینڈ نے بھی فیصلے کے لیے 48 گھنٹے مانگے تھے۔

نیو نیوز کے مطابق انگلینڈ بورڈ کی طرف سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو آگاہ کیا گیا ہے کہ سیکورٹی وجوہات پر ہماری ٹیم پاکستان کا دورہ نہیں کرسکتی۔ انگلینڈ نے آئندہ ماہ 2 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنا تھے۔ پاک انگلینڈ ٹی ٹوئنٹی میچز راولپنڈی میں کھیلے جانا تھا۔

ای سی بی کے پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ انگلینڈ کی طرف سے پاکستان نہ آنے کا فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور کرکٹ کے مداحوں کے لیے مایوس کن ہے۔ موجودہ حالات میں کھلاڑیوں کی ذہنی حالت کو دیکھتے ہوئے مشکل فیصلہ کیا۔

برطانوی بورڈ کے مطابق پاکستان کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی میچز ورلڈ کپ کی تیاری کا حصہ تھے ۔ ان حالات میں جب کھلاڑی پر اعتماد نہیں اس میں پاکستان نہ  آنا تیاریوں کو متاثر کرے گا۔

دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے بعد انگلینڈ کی طرف سے دورہ منسوخ کرنے پر افسوس ہے۔

واضح رہے کہ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم نے 16 سال بعد پاکستان کا دورہ کرنا تھا ۔آخری مرتبہ انگلینڈ کی ٹیم 2005 میں پاکستان آئے تھی

اپنا تبصرہ بھیجیں