جوہری ہتھیاروں سے لیس امریکی آبدوز جنوبی بحیرہ چین میں حادثے کا شکار ہو گئی۔
امریکی بحریہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ آبدوز یو ایس ایس کنیٹکی کٹ جنوبی بحیرہ چین میں بین الاقوامی سمندری حدود میں کسی شے ٹکرائی تاہم آبدوز پر موجود عملے کے کسی بھی فرد کو شدید نوعیت کی چوٹیں نہیں لگیں۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے باوجود آبدوز یو ایس ایس کنیٹکی کٹ بالکل ٹھیک اور آپریشنل ہے تاہم حکام کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ آبدوز کس چیز سے ٹکرائی، کہاں ٹکرائی اور کتنے افراد زخمی ہوئے۔
برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق امریکی حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والی آبدوز میں 15 افراد سوار تھے جنہیں معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں ہیں۔
دوسری جانب امریکی بحریہ کا کہنا ہے کہ عملے کی جان و مالی کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔
خیال رہے کہ جنوبی بحیرہ چین کا شمار دنیا کے سب سے زیادہ متنازع اور اہم آبی راستوں میں ہوتا ہے کیونکہ چین اس پورے علاقے کو اپنا حصہ کہتا ہے جبکہ ملائیشیا، برونائی، ویتنام، فلپائن اور تائیوان بھی اس علاقے پر اپنا دعویٰ کرتے ہیں۔