افغانستان میں حجاموں کو طالبان کا نوٹس، داڑھی مونڈھنے پر پابندی لگادی

طالبان نے افغانستان کے صوبہ ہلمند میں داڑھی مونڈھنے پر پابندی عائد کردی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق، طالبان حکومت کے ڈائریکٹر انفارمیشن اینڈ کلچر حافظ رشید ہلمند نے افغان میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا کہ مردوں کے داڑھی مونڈھوانے پر پابندی عائد کرنے کے فیصلے کا اعلان مذہبی پولیس کی جانب سے صوبے کے حجاموں کے ساتھ ہوئی ایک میٹنگ کے دوران کیا گیا ۔

رپورٹ کے مطابق ، طالبان کی جانب سے مردوں کے داڑھی مونڈھنے کو اسلامی قوانین کی خلاف ورزی قراردیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق، کابل میں موجود کئی حجاموں کا کہنا ہے کہ انھیں بھی اسی طرح کے احکامات موصول ہوئے ہیں۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر طالبان کا ایک خط بھی گردش کررہا ہے جس میں طالبان کی جانب سے جاری حکم نامے میں حجاموں کو کسی بھی شخص کی داڑھی مونڈھنے کے حوالے سے خبردار کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے حجام دکانوں پر کام کے دوران موسیقی بھی نہیں لگاسکیں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں