افغانستان میں امن و استحکام کے لئے پاکستان کا کردار سب سے اہم ہے، فواد چوہدری

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ کابل میں پاکستانی سفارت خانہ کو انٹرنیشنل میڈیا سمیت پوری دنیا میں پذیرائی مل رہی ہے، اب تک چار ہزار کے قریب ویزے جاری کئے جا چکے ہیں، افغانستان میں امن و استحکام کے لئے ہمارا کردار سب سے اہم ہے، افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے تمام عالمی اور علاقائی طاقتوں کے ساتھ ہمارا قریبی رابطہ ہے۔

ہفتہ کو اپنے وڈیو بیان میں افغانستان کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان میں حکومت سازی وہاں کے عوام نے کرنی ہے، ہماری کوششیں پرامن اور مستحکم افغانستان کے لئے جاری ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کابل میں پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث صحافیوں، انٹرنیشنل میڈیا کے ارکان، آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور مختلف سفارت خانوں کے عملہ کا انخلامشکل ہو گیا تھا، پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن نے کابل سے تقریباً 1400 افراد کو انخلامیں سہولت فراہم کی۔

اس وقت تک پاکستانی سفارت خانہ نے تقریباً 4 ہزار ویزے جاری کئے جبکہ 2 ہزار کے قریب لوگوں کو کابل سے نکالا جا چکا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں