یوکرین پر حملے کے پیش نظر ورلڈ بینک نے روس اور بیلا روس میں اپنے تمام منصوبے بند کرنے کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے بعد سے ماسکو پر بین الاقوامی پابندیاں بڑھتی جا رہی ہیں۔
بین الاقوامی پابندیوں کے باعث روس کی کرنسی کریش کر گئی ہے اور معیشت بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے جبکہ عالمی عدالت انصاف نے بھی روس کے یوکرین میں جنگی جرائم کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
اب ورلڈ بینک نے بھی روس کی جانب سے یوکرین پر حملے اور بیلاروس کی جانب سے یوکرین پر حملے میں روسی معاونت پر دونوں ممالک (روس اور بیلاروس) میں اپنے تمام منصوبے بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے تاہم اس حوالے سے مزید معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
دوسری جانب عالمی ریٹنگ ایجنسیز فچ اور موڈیز نے بھی کہا ہے کہ عالمی پابندیوں نے روس کی قرض واپس کرنے کی صلاحیت کو بری طرح متاثر کیا ہے اور روس کی قرضہ واپس کرنے کی سکت اب ختم ہو کر رہ گئی ہے۔
موڈیز نے روس کی طویل المدتی خسارہ واپس کرنے کی صلاحیت کو بی اے اے 3 سے بی 3 کیٹیگری میں شامل کر دیا ہے جبکہ فچ نے روس کی ریٹنگ بی بی بی سے بی کر دی ہے۔
خیال رہے کہ امریکا اور یورپی ممالک نے روس کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے سے روک دیا ہے اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن، وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سمیت کئی روسی کمپنیوں پر مالی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔