یوکرین میں پاکستانی سفارت خانے نے کہا ہے کہ اب تک 1250 پاکستانیوں کو یوکرین سے بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔
یوکرین میں قائم پاکستانی سفارت خانے نے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ روس کے فوجہ اقدام کے بعد اب تک یوکرین سے 1250 پاکستانیوں کا بحفاظت انخلا مکمل ہوگیا ہے۔
پاکستانی سفارت خانے کے اعداد و شمار کے مطابق اس وقت 6 پاکستانی ہنگری کی سرحد پر یا اس کی جانب محو سفر ہیں۔
سفارت خانے کے مطابق 19 پاکستانی یوکرین کے ہمسائے رومانیہ کی سرحد یا وہاں پہنچ رہے ہیں۔
4 پاکستانی شہری اس وقت پولینڈ کی سرحد پر بھی موجود ہیں۔
اس کے علاوہ 50 پاکستانی یوکرین کے شہروں کیف، خارکیف ، ماریو پال اور سمی خیرسن میں موجود ہیں۔
روس کے حملے کے بعد پاکستان نے اپنا سفارت خانہ دارالحکومت کیف سے ترنوپل میں منتقل کردیا تھا، جہاں سے پاکستانیوں کے انخلا کی تمام تر کوششیں کی جارہی ہیں۔
پاکستانیوں کے بحفاظت انخلا کے لیے یوکرین میں پاکستانی سفیر نویل اسرائیل کھوکھر سمیت دیگر عملہ شباہ روز محنت کررہا ہے۔
دوسری جانب روسی افواج نے یوکرین کے شہر خیرسون پر قبضہ کرلیا ہے۔
روس کے حملے کے بعد سے ایک ہفتے میں 10 لاکھ افراد یوکرین سے نقل مکانی کر چکے ہیں۔