روس سے تنازع: یوکرین کی پاکستان سے معاملات حل کرنے میں مدد کی درخواست

یوکرین نے روس کے ساتھ کشیدگی پر پاکستان سے مدد مانگ لی۔

پاکستان میں تعینات یوکرین کے سفیر مارکیان چوچک نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پاکستان یوکرین پر روسی حملے کے پیش نظر ہماری مدد کرے تاکہ روسی جارحیت کے خلاف کامیاب ہو سکیں۔

یوکرین کے سفیر نے کہا کہ پاکستان مسئلے کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے اور وزیراعظم عمران خان دورہ روس میں روسی قیادت کے ساتھ معاملہ اٹھائیں، پاکستان جوہری طاقت ہے اسے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ یوکرین روسی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ روس یوکرین پر حملہ کر کے قبضہ کرنے کا خواہشمند ہے اور گزشتہ 6 ماہ میں یوکرین سرحد پر ڈیڑھ لاکھ سے زائد روسی فوجی تعینات ہو چکے ہیں۔

یوکرینی سفیر نے کہا کہ روسی حملے سے پوری دنیا میں کشیدگی پھیل جائے گی، اسی لیے پاکستان جوہری طاقت ہے وہ تنازع کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ روس عالمی قوانین اور وعدوں کی پاس داری کرے اور کسی بھی جارحیت سے باز رہے جبکہ طاقت کے استعمال کے بجائے بات چیت سے مسائل حل کرے۔ یوکرین کو 20 فروری 2014 سے بیرونی فوجی جارحیت کا سامنا ہے۔

مارکیان چوچک نے کہا کہ امن، سلامتی اور ملک و قوم کا دفاع یوکرین کی اولین ترجیح ہے اور اس پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں