کیف: یوکرین نے جنگ کے دوران مزید پکڑے گئے روسی فوجی اہلکاروں کو میڈیا کے سامنے پیش کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یوکرین کی انٹیلی جنس نے ہفتے میں دوسری بار جنگ کے دوران پکڑے گئے روسی فوجی اہلکاروں کو میڈیا کے سامنے پیش کیا۔
روس کے یوکرین پر حملے کو 12 روز ہو چکے ہیں جس کے دوران روس یوکرین کے 2 شہروں پر قابض بھی ہوچکا ہے اور مسلسل بمباری کر رہا ہے۔
یوکرین نے بھی بھرپور مزاحمت کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ روس کے 12 ہزار فوجی کو ہلاک اور درجنوں کو زندہ گرفتار کیا ہے تاہم اب تک کسی آزاد ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
یوکرینی فوج نے اپنے دعوؤں کو درست ثابت کرنے کے لیے پریس کانفرنس بلائی جس میں جنگ کے دوران گرفتار کیے گئے 10 روسی فوجیوں کو پیش کیا گیا۔ روسی فوجیوں آنکھوں پر پٹی باندھ کر لایا گیا اور وہ ایک دوسرے کے کندھے پر دونوں ہاتھ رکھ کر ایک قطار میں چل رہے تھے۔
میڈیا کے سامنے لاکر فوجیوں کی آنکھوں سے پٹی اتاری گئی۔ پکڑے گئے تمام فوجی نوجوان تھے اور وردی پہنے ہوئے تھے جن میں کچھ شدید گھبرائے ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ ایک ہفتے میں یہ دوسری بار ہے جب یوکرین نے تحویل میں لیے گئے روسی فوجیوں کو میڈیا کے سامنے پیش کیا۔ جس کا مقصد یہ باور کرانا تھا کہ جنگی قیدیوں کے ساتھ عالمی قوانین کے مطابق برتاؤ کیا جا رہا ہے۔