ٹوئٹر ایلون مسک کو 43 ارب ڈالرز میں کمپنی فروخت کرنے پر آمادہ، رپورٹ

ٹوئٹر نے دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کو 43 ارب ڈالر میں کمپنی فروخت کرنے کیلئے آمادگی ظاہر کردی ہے۔

امریکی کمپنی ٹیسلا اور نجی خلائی کمپنی اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک نے گزشتہ دنوں مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کو خریدنے کی پیشکش کی تھی۔

ایلون مسک نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کو خریدنے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے ٹوئٹر کے فی شیئر کی قیمت 54.20 ڈالر ادا کرنے کی پیشکش کی تھی جس کے بعد کمپنی کی مجموعی مالیت تقریباً 43 ارب ڈالرز کی بنتی ہے۔

تاہم  برطانوی خبررساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق ٹوئٹر حکام ایلون مسک کی پیشکش قبول کرنے کیلئے تیار ہوگئے ہیں اور کہا جارہا ہے کہ ٹیسلا کے بانی کو کپمنی خریدنے کیلئے 43 ارب ڈالرز کی رقم نقد ادا کرنی ہوگی ،تاہم اس کا باضابطہ اعلان ہونا باقی ہے۔

خبررساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ ٹوئٹر کی جانب سے  شیئر ہولڈرز  سے رقم کی ادائیگی کے حوالے سے ملاقات کے بعد ایلون مسک کی پیشکش کو قبول کرنے کا اعلان متوقع ہے ۔

رپورٹس کے مطابق  دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک ذاتی حیثیت میں ٹوئٹر خریدنے کے لیے کمپنی سے بات چیت کر رہے ہیں اور ٹیسلا اس معاہدے میں شامل نہیں ہے۔

رپورٹس کے مطابق ٹوئٹر اور ایلون مسک کی جانب سے اس حوالے سے فوراً کوئی  تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ایلون مسک کا  کہنا تھا کہ ٹوئٹر کے آگے بڑھنے اور آزادی اظہار کے بہتر پلیٹ فارم بننے کیلئے ضروری ہے کہ اس کا کنٹرول کسی نجی شخصیت کے پاس ہو۔

یاد رہے کہ ایلون مسک نے حال ہی میں ٹوئٹر کے 9 فیصد سے زائد تقریباً 3 ارب ڈالرز کی مالیت کے 7 کروڑ 34 لاکھ سے زائد حصص خریدے جس کے بعد وہ ٹوئٹر کے سب سے بڑے شیئر ہولڈر بھی بن گئےجب کہ ٹوئٹر کے شریک بانی جیک ڈور سی 2.25 فیصد حصص کے مالک ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں