ایلون مسک نے ٹوئٹر خریدنے کے بعد کمپنی کے دیوالیہ ہونے کا امکان ظاہر کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایلون مسک نے ملازمین کو بھیجی گئی ایک ای میل میں کہا ہے کہ کمپنی کو ہنگامی بنیادوں پر 8 ڈالرز کا سبسکرپشن پلان ٹوئٹر بلیو میں پیش رفت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے ملازمین کو کہا کہ اس وقت ٹوئٹر پر مشکل وقت ہے اور کمپنی کی معاشی صورتحال اچھی نہیں ہے جس کی وجہ سے دیوالیہ ہونے کا بھی خدشہ ہے۔
ایلون مسک نے ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی سہولت ختم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین ہر ہفتے کم از کم 40 گھنٹے آفس میں کام کریں گے اور گھروں سے صرف اسی وقت کام کرنا ممکن ہو گا جب وہ خود اس کی اجازت دیں گے۔
انہوں نے ملازمین کو کہا کہ کمپنی کی کم از کم 50 فیصد آمدنی سبسکرپشن کے زریعے ہونی چاہیے اور اشتہاری بزنس پر کم سے کم انحصار کیا جانا چاہیے۔
واضح رہے کہ ٹوئٹر کی ملکیت ایلون مسک کے پاس جانے کے بعد سے کچھ بڑی کمپنیوں نے سوشل میڈیا نیٹ ورک کو اشتہارات دینا بند کر دیئے ہیں اور کمپنی پر قرضوں کا بوجھ بڑھ گیا ہے۔