سندھ اور پنجاب میں ڈینگی کے وار جاری ہیں،24 گھنٹوں میں سندھ میں 97 افراد ڈینگی کا شکار ہوئے جبکہ پنجاب میں 58 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق صوبے بھر میں 24 گھنٹوں میں 97 افراد ڈینگی میں مبتلا ہوگئے، جن میں سے 92 افراد کا تعلق کراچی کے مختلف اضلاع سے ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق سب سے زیادہ کیسز ضلع وسطی سے آئے جہاں 27 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی، 26 کیسز شرقی ،17 جنوبی میں رپورٹ ہوئے اس کے علاوہ 9 کیسز ضلع غربی،7 کیماڑی ،4 ملیر اور 2 کیسز ضلع کورنگی سے سامنے آئے۔
محکمہ صحت نے مزید بتایا کہ ستمبر کے پانچ روز میں 347 افراد بشمول بچے و خواتین ڈینگی کا شکار ہو چکے ہیں جب کہ رواں سال ڈ ینگی وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2922 تک جا پہنچی ہے۔
دوسری جانب سیکرٹری صحت پنجاب نے اعدادوشمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب میں بھی گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے85 مریض رپورٹ ہوئے جن میں سے46کا تعلق راولپنڈی، 31 کا لاہور اور 2 کا بہاولپور سے ہے۔
سیکرٹری صحت پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکپتن، راجن پور، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چکوال، مظفرگڑھ اور ننکانہ صاحب سےڈینگی کا ایک ایک کیس سامنے آیا ہے، رواں سال پنجاب میں اب تک ڈینگی کےایک ہزار 622 مریض رپورٹ ہوچکےہیں، جبکہ صوبے کےاسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے310مریض زیرِعلاج ہیں۔