شرمیلا فاروقی کی والدہ کا تمسخر اڑانے کے کیس میں نادیہ خان بری الذمہ قرار

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی کی والدہ انیسہ فاروقی سے متعلق کیس میں نادیہ خان بری الذمہ قرار دیدیا۔

گزشتہ روز ایف آئی اے سائبر کرائم سندھ کے سربراہ عمران ریاض نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی اور بتایا کہ شرمیلا فاروقی کی جانب سے نادیہ خان کے خلاف دائر ہتک عزت کے کیس میں نادیہ خان کو کلیئر کردیا ہے۔

انہوں نے ویڈیو میں کہا کہ ’میں بات کرنا چاہوں گا کہ ہتک عزت کے کیس کی جو کہ میڈم شرمیلا فاروقی کی جانب سے اداکارہ نادیہ خان کے خلاف دائر کیا گیا تھا، جس میں رکن سندھ اسمبلی نے دعویٰ کیا تھا کہ نادیہ خان نے شرمیلا فاروقی کی والدہ کو بدنام کرنے کی کوشش کی ہے‘۔

عمران ریاض نے وضاحت کی کہ ’ویڈیو 40 منٹ کی تھی جو اداکارہ صبور علی کی شادی پر بنائی گئی تھی جسے نادیہ نے یوٹیوب چینل پر پوسٹ کیا تھا، میری ٹیم نے اس ویڈیو کا تفصیلی جائزہ لیا اور اس میں ہمیں ایسا کوئی مواد نظر نہیں آیا جس سے یہ ثابت ہو کہ نادیہ نے جان بوجھ کر شرمیلا فاروقی کی والدہ کو بدنام کرنے کی نیت سے اس ویڈیو کو بنایا ہے‘۔

سائبر کرائم سندھ کے سربراہ نے یہ بھی کہا کہ ’جہاں تک طنزیہ انداز کی یا چہرے کے تاثرات کی بات ہے تو اس کے حوالے سے قانون خاموش ہے لہٰذا نادیہ خان کو اس انکوائری میں کلیئر کردیا گیا ہے اور اس کیس کی تحقیقات کو بند کردیا گیا ہے‘۔

دوسری جانب نادیہ خان نے عمران ریاض کی ویڈیو کو انسٹاگرام پر شیئر کیا اور ہتک عزت کے کیس میں بری ہونے کے بعد خدا کا شکر اداکیا۔

نادیہ خان نے کہا کہ سچ کی ہمیشہ جیت ہوتی ہے۔

ساتھ ہی اداکارہ و میزبان نے سربراہ ایف آئی اے عمران ریاض کو مینشن کرتے ہوئے کہا منصفانہ اور ایماندار ہونے کے لیے آپ کا شکریہ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں