ملک بھر میں آج رحمتوں اور برکتوں والی شب برات مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی ، اس موقع پر مساجد میں چراغا ں اور خصوصی عبادات کا اہتمام کیا جائے گا۔
آج شب برات کے موقع پر علما کرام خصوصی مجالس میں اس رات کے فضائل و مناقب بیان کریں گے ، دینی سکالرز کے مطابق شبِ برات کے موقع پر شہری جہاں اپنی بخشش کی دعائیں کریں وہیں اپنے فوت شدہ عزیزواقارب کی مغفرت کے لئے قبرستان جا کر قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا اہتمام کریں .
واضح رہے کہ ماہ شعبان کی پندرھویں رات کو شب برات یعنی بری ہونے کی رات کہا جاتا ہے، اس رات مسلمان توبہ کرکے گناہوں سے قطع تعلق کرتے ہیں اور جہنم سے نجات پاتے ہیں، اس رات اللہ تعالیٰ کی طرف سے مسلمانوں کے لئے عام معافی کا اعلان ہوتا ہے، اسی لیے اس رات کو شبِ برات کہتے ہیں۔