سعودی عرب نے پاکستانی عازمین حج کیلئے کرونا ٹیسٹ کی سرکاری رپورٹس تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے۔
وزارت حج کی جانب سے بتایا گیا کہ سعودی عرب نے6نجی لیبارٹریز سے کرونا ٹیسٹ کرانا لازمی قرار دے دیا ہے۔
عازمین کو4250روپے کرونا ٹیسٹ فیس حج پیکج سے الگ ادا کرنے ہوں گے۔ مخصوص لیبارٹریز کے کاؤنٹرز حاجی کیمپوں میں قائم کردیئے گئے ہیں۔
یہ بھی بتایا گیا کہ کرونا ٹیسٹ رپورٹ بھی48 کے بجائے72 گھنٹے پہلے جمع کرانا ہوگی۔
وفاقی حکومت نے حج 2022ء کیلئے سرکاری اسکیم کے تحت اخراجات کی تفصیلات جاری کی ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق قربانی کے ساتھ فی کس اخراجات 8 لاکھ 60 ہزار 177 روپے جبکہ قربانی کے بغیر 8 لاکھ 14 ہزار 807 ہوں گے۔
سرکاری حج اسکیم کے تحت اخراجات کی جاری تفصیلات کے مطابق رواں سال حج 2020ء کے مقابلے میں 3 لاکھ 9 ہزار 157 روپے مہنگا ہوگا، کرونا پابندیوں سے قبل حج اخراجات 5 لاکھ 51 ہزار 20 روپے تھے۔
واضح رہے کہ وزارت مذہبی امور کے مطابق پہلی حج پرواز 5 اور 6 جون کی درمیانی شب اسلام آباد سے روانہ ہوگی۔
اسلام آباد سے پی آئی اے کی پرواز سے 329 مسافر ، لاہور سے ایئربلیو کی پرواز سے 220 مسافر۔ کوئٹہ سے پی آئی اے کی پرواز سے 164 مسافر اور لاہور سے قومی ایئرلائن کی پرواز سے 393 مسافر حج کیلئے روانہ ہونگے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ حج آپریشن کا آغاز ہی 5 روز تاخیر سے شروع ہوگا، پہلی پروازبروز منگل 31 مئی کو روانہ ہونا تھی۔