سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے۔
ایک روز قبل شہباز شریف پاکستان کے 23 ویں وزیراعظم منتخب ہوئے تھے اور اپنے عہدےکا حلف اٹھایا تھا، وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد عالمی رہنماؤں کی جانب سے شہباز شریف کو مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے وزیراعظم شہباز شریف کو حلف اٹھانے پر مبارک باد کا پیغام بھیجا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی شہبازشریف کو مبارک باد کا پیغام بھیجا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اپنے پیغامات میں پاکستان کی ترقی اور و خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
علاوہ ازیں ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زايد نے بھی شہباز شریف کو وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان منتخب ہونے پر مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے۔