تمام کمپنیوں کو اسمارٹ فونز کے لیے ایک چارجنگ پورٹ استعمال کرنے کی ہدایت

دنیا کی تمام کمپنیوں کو اب ایک ہی موبائل چارجنگ پورٹ کا استعمال فونز، ٹیبلیٹس اور کیمروں کے لیے کرنا ہوگا۔

یورپی یونین پارلیمنٹ اور اس کے رکن ممالک نے سنگل موبائل چارجنگ پورٹ کے استعمال پر اتفاق کرلیا ہے اور اس پابندی کا اطلاق 2024 سے ہوگا۔

یہ دنیا میں اس طرح کا پہلا معاہدہ ہے اور یہ اس وقت ہوا جب کمپنیاں کسی ایک حل پر متفق نہیں ہوسکی تھیں۔

ابھی آئی فونز اور اینڈرائیڈ فونز استعمال کرنے والے صارفین کو اپنی ڈیوائسز کے لیے مختلف چارجر استعمال کرنا ہوتے ہیں۔

آئی فون کو لائٹننگ کیبل سے چارج کیا جاتا ہے جبکہ اینڈرائیڈ کے لیے اب زیادہ تر فونز میں یو ایس بی سی کنکٹرز کو چارجنگ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

یورپی یونین کے عہدیدار ٹیری بریٹن نے ایک بیان میں بتایا کہ تمام ڈیوائسز میں صرف یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ کے استعمال سے صارفین کو 26 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز کی بچت ہوگی۔

یورپین پارلیمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 2024 کے موسم خزاں سے یورپی یونین میں یو ایس بی ٹائپ سی تمام موبائل فونز، ٹیبلیٹس اور کیمروں کی چارجنگ پورٹ ہوگی، دوسری صورت میں ڈیوائسز کو فروخت کرنے کی اجازت نہیں مل سکے گی۔

یورپی یونین میں اس پابندی کا فائدہ پوری دنیا کو ہوگا جبکہ ایپل کو اپنے آئی فونز کی فروخت کے لیے چارجنگ کنکٹرز کو بدلنا ہوگا۔

خیال رہے کہ ایسی رپورٹس سامنے آرہی ہیں کہ ایپل کی جانب سے آئی فونز میں یو ایس بی سی پورٹ کی آزمائش کی جارہی ہے جو 2023 میں متعارف کرائے جاسکتے ہیں۔

ان رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ ایپل کی جانب سے ایک ایسے اڈاپٹر کو بھی تیار کیا جارہا ہے جو یو ایس بی سی پورٹ سے لیس نئے آئی فونز میں لائٹنگ کنکٹر ایسیسریز کا استعمال ممکن بنا سکے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں