روسی حملے میں اب تک 40 یوکرینی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق

یوکرین نے روسی حملے کے پہلے چند گھنٹوں میں 40 یوکرینی فوجیوں کی ہلاکت اور درجنوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

یوکرین میں میڈیا کو پریس بریفننگ کے دوران صدارتی دفتر کے ایک اہلکار نے روس کی جانب سے فضائی اور میزائل حملوں کو زیادہ ہلاکتوں کی وجہ قرار دیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ روس کا پہلا حملہ ناکام ہوا ہے۔

یوکرین کے وزیر دفاع اولکسی ریزنیکوف نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین کی فوج نے مشرقی علاقوں پر حملہ آور ہونے والے روسی فوجیوں کو بھاری جانی نقصان پہنچایا ہے اور ان کی ہیش قدمی کو روک دیا ہے۔

بی بی سی کے مطابق انھوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ دشمن کا ہمیں توڑنے کا خواب پورا نہیں ہوا۔ یوکرین کامیابی سے جنگ لڑ رہا ہے۔ یوکرین کی افواج نے دشمن کی حملہ آور فوج کو بھاری جانی نقصان پہنچایا ہے۔

دوسری جانب روسی میڈیا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ روسی فوج نے یوکرینی ایئربیس اور ڈیفنس سسٹم کو تباہ کردیا ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کا کہنا ہے کہ صدر پیوٹن کے اعلان کے بعد روسی افواج نے یوکرین کے کئی شہروں پر میزائل داغے ہیں جبکہ یوکرین کے جنوبی ساحل کے قریب فوجی بھی اتارے گئے ہیں۔

جمعرات کے روز یوکرین کے صدر نے روسی حملے کے اعلان کے بعد فوری ملک میں مارشل لاء نافذ کردیا تھا۔

اس سے قبل روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین میں فوجی آپریشن کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ فوجی پیش قدمی کر رہی ہیں.

اپنا تبصرہ بھیجیں