یوکرین کے شہر کراماتورسک میں ایک ریلوے اسٹیشن پر مبینہ طور پر روسی راکٹ حملے میں 5 بچوں سمیت کم از کم 50 افراد ہلاک اور تقریباً 100 زخمی ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی راکٹ جمعے کی درمیانی شب مشرقی یوکرین کے شہر کراماتورسک میں ایک ٹرین اسٹیشن پر گرا جہاں تقریباً 4 ہزار افراد انخلاء کے منتظر تھے۔
حکام کے مطابق روسی حملے میں 5 بچوں سمیت 50 افراد ہلاک جبکہ تقریباً 100 سے زائد زخمی ہوئے اس کے علاوہ ریلوے اسٹیشن پر موجودگاڑیوں کو کافی نقصان پہنچا۔ دوسری جانب روس نے اس حملے کی تردید کی ہے۔
یوکرین کےصدر ولودومیر زیلینسکی نے روسی افواج پر شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ جب حملہ کیا گیا تو یوکرین کا کوئی فوجی ٹرین اسٹیشن پر موجود نہیں تھا۔
اس کے علاوہ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسیف) کے یوکرین کے نمائندے نے مشرقی یوکرین میں کراماتورسک اسٹیشن پر راکٹ حملے کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بچوں کا قتل اب بند ہونا چاہیے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریلوے اسٹیشن پر روسی راکٹ حملے میں زندہ بچ جانے والوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے ہر جگہ لاشیں دیکھی جب وہ اپنے پیاروں کو تلاش کر رہے تھے۔