لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین توقیر ضیاء کا کہنا ہے کہ چیئرمین رمیز راجہ درست راستے پر کام کر رہے ہیں لہٰذا انہیں مزید کام کرنے کے لیے وقت دیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے توقیر ضیاء نے کہا کہ مجھے رمیز راجہ کی پہلی پریس کانفرنس یاد ہے، اس میں جو انہوں نے کہا اسی کے مطابق چل رہے ہیں لیکن اس موقع پر ڈیپارٹمنٹ کرکٹ کا معاملہ الگ ہے، اس کو آپ ابھی چھیڑ نہیں سکتے جو آئین میں لکھا ہے آپ کو اس کے مطابق چلنا ہے لیکن اس کے علاوہ اب تک رمیز راجہ نے درست کام کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرا مؤقف یہ ہے جسے بھی لائیں اسے سیاست سے الگ کریں اور تین سال کا وقت دیں، نجم سیٹھی کو بھی تین برس مکمل کرنے چاہیے تھے، سب کا اپنا وژن ہے اس کو مکمل ہوناچاہیے اس لیے رمیز راجہ کو مزید کام کرنے کے لیے وقت دیں۔
سابق چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت مشکل حالات سے گزر رہاہے، کرکٹ اہم نہیں میرا مشورہ یہ ہے پیٹرن انچیف ملک کے حالات کو دیکھیں نہ کہ کرکٹ کو ، مگر کرکٹ کا کوئی بہت ہی بیڑہ غرق کر رہا ہو تو ضرور تبدیل کریں لیکن اس وقت ایسا نہیں، اس لیے حکومتی لوگوں کو ملکی حالات کی طرف توجہ دینی چاہیے، کرکٹ کو چلنے دیں، اس کی فکر نہ کریں۔
توقیر ضیاء نے مزید کہا کہ رمیز راجہ پاکستان کرکٹ کو جانتے ہیں، کپتان رہے ہیں اور ڈیپارٹمنٹ کرکٹ کھیلے ہوئے ہیں، وہ جانتے ہیں کہ گراس روٹ لیول سے کرکٹ کو کیسے اوپر لے کر جانا ہے ، مجھے امید ہے کہ رمیز راجہ کے ہوتے ہوئے اکیڈمیز کی سطح پر اچھا کام ہو گا۔